ممبئی (این این آئی) بھارت کے نامور بزنس مین اور ‘مصالحہ کنگ’ کے نام سے مشہور دھرم پال گلاٹی 97 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔بھارت کے مشہور مصالحہ برانڈ ‘مہاشیاں دی ہٹی’ (ایم ڈی ایچ) کے بانی دھرم پال گلاٹی کا انتقال حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث ہوا۔اس سے قبل ان میں کورونا وائرس کی تشخیص بھی ہوئی تھی تاہم وہ مہلک وائرس سے صحت یاب ہوگئے تھے
اور گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔مہاشے دھرم پال گلاٹی 1923 میں سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور 1947 میں نئی دہلی ہجرت کی۔ نئی دہلی میں دھرم پال نے 1500 روپے سے مصالحے کا کاروبار شروع کیا جو کہ چل نکلا اور یہ آہستہ آہستہ پوری دنیا میں برانڈ بن گیا جبکہ ان کی کمپنی کا کاروبار 2 ہزار کروڑ بھارتی روپے ہے۔مہاشے دھرم پال گلاٹی نے پانچویں جماعت میں تعلیم ادھوری چھوڑ دی تھی مگر کاروبار میں سب سے آگے تھے اور ان کی کمپنی کی 62 مصنوعات دنیا بھر میں فروخت کی جاتی ہیں۔دھرم پال گلاٹی 94 سال کی عمر میں 2017 میں بھارت کے سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) تھے جن کی سالانہ تنخواہ 21 کروڑ بھارتی روپے تھی، انہیں گزشتہ سال بھارتی حکومت کی جانب سے سول ایوارڈ ‘پدما بھوشن’ بھی دیا گیا تھا۔