ریاض(آن لائن) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے دفاع میں روز اول سے سعودی عرب نے کبھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عالمی دن پر فلسطینیوں
کی غیرمتزلزل حمایت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا مسئلہ فلسطین اور ان کے حقوق سے متعلق ہمیشہ نہ صرف ایک ہی موقف رہا ہے بلکہ فلسطینی عوام کے حقوق کا ہمیشہ دفاع بھی کیا ہے۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب سرزمین فلسطین پر یہودی آبادکاری کو روکنے پر زور دیتا ہے اور مسئلہ سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین ایک انتہائی اہم اور بنیادی عرب مسئلہ ہے جس پر شاہ عبدالعزیز کے دور سے لیکر اب تک کبھی بھی اس کے دفاع میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔