آندھرا پردیش (این این آئی) بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں پولیس کے مظالم سے تنگ آ جانے پر مسلمان خاندان نے ٹرین کے آگے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع کرنول میں مسلمان خاندان
نے بھارتی پولیس خوف زدہ کرنے، مظالم اور مسلسل چوری کے الزام سے تنگ آکر ایک ساتھ اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ ضلع کرنول کے علاقے نندیال کے رہائشی 42 سالہ عبدالسلام ان کی 36 سالہ بیوی نور جہاں 14 سالہ بیٹی سلمی اور 10 سالہ بیٹے قلندر نے ایک ویڈیو ریکارڈ کرنے کے بعد ایک چلتی مال بردار ریل گاڑی کے آگے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے شیخ عبدالسلام نے اس اقدام سے پہلے ریکارڈ کیے گئے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ان کا اور ان کے اہل خانہ کا چوری کے الزامات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں اب ہمارا کوئی سرپرست نہیں نہ ہی کوئی مددگار ہے، ہم نے اپنے زندگی میں کسی کو کوئی تکلیف نہیں پہنچائی نہ ہی ریاست کے لیے کچھ غلط کیا۔شیخ عبدالسلام نے کہا کہ ہمیں خوفزدہ اور ڈرایا دھمکایا جارہا ہے جسے برداشت نہیں کرسکتا، اس لیے خاندان سمیت زندگی کا خاتمہ کر رہا ہوں۔ واقعے کے بعد تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے دیا گیا ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔