واشنگٹن (این این آئی) امریکی دوا ساز ادارے فائزر نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی تیارکی گئی کورونا وائرس کی ویکسین 90 فیصد تک مؤثر ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائزر نے دعویٰ کیا ہے جرمن دواساز ادارے بائیون ٹیک کے ساتھ مشترکہ طور
پر تیارکی گئی ویکسین اپنے تیسرے آزمائشی مرحلے میں کوروناکو روکنے میں 90 فیصد تک مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق مریضوں کو 4 ہفتوں کے دوران آزمائشی ویکیسن کی 2 خوراکیں دی گئیں اور دوسری خوراک کے ایک ہفتے بعد ویکسین نیکورونا کے خلاف تحفظ فراہم کرنا شروع کیا۔فائزر کے چیئرمین البرٹ بورلا نے اپنے بیان میں کہا کہ تیسرے آزمائشی مرحلے کے پہلے حصے میں آنے والے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری ویکسین کوروناکو روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ امریکی دوا ساز ادارے کے مطابق بڑے پیمانے پر کیے گئے کلینکل ٹرائل کے نتائج بہت کامیاب رہے ہیں اور ابھی تک کورونا ویکسین کے تجربات میں کوئی تشویش ناک بات سامنے نہیں آئی، ویکسین کے رواں ماہ میں ہنگامی بنیادوں پر استعمال کیلئے امریکی حکومت کی اجازت کے منتظر ہیں۔