جارجیا (آن لائن ) امریکی صدارتی انتخابات میں ریاست جارجیا کے انتخابی نتائج آنے کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جارجیا کے سٹیٹ سیکرٹری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دونوں امیدواروں کے ووٹوں
کے درمیان انتہائی کم فرق ہے جس کی وجہ سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست جارجیا میں 5 ملین ووٹوں کی گنتی مکمل کی جاچکی ہے جس کے مطابق دونوں امیدواروں نے 49.4 ووٹ حاصل کیے ہیں جس کے بعد نتائج تقریباََ برابر ہو چکے ہیں اور جو بائیڈن کو صرف 1500 ووٹوں کی برتری حاصل ہے جبکہ 5500 ووٹوں کی گنتی باقی ہے۔جارجیا کے سٹیٹ سیکرٹری بریڈ رافنسپرجر نے کہا ہے کہ دونوں امیدواروں کے ووٹ برابر ہو جانے کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے نتائج میں تاخیر نہیں ہو گی کیونکہ اگر پنسلوینیا میں جو بائیڈن جیت گئے تو وہ صدر منتخب ہو جائیں گے، جہاں جو بائیڈن نے ٹرمپ پر برتری حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ صرف اس بات پر ہے کہ ہر قانونی ووٹ کو درست طور پر گنا جائے، اس لیے انتہائی کم مارجن ہونے کی وجہ سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ جارجیا میں 16 الیکٹورل ووٹ ہیں ، اگر جو بائیڈن اس ریاست سے اور کسی بھی ایک مزید ریاست سے جیت جاتے ہیں تو وہ امریکہ کے صدر منتخب ہو جائیں گے۔