تل ابیب (این این آئی ) ا سرائیلی فوج نے دریائے اردن کے مغربی کنارے میں واقع وادیِ اردن میں فلسطینی بدوں کے ایک پورے گاں کو مسمار کردیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 80 افراد بے گھر ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق فلسطینی حکام
اور عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے بلڈوزروں کے ساتھ یہ کارروائی کی اور فلسطینیوں کے مکانات، خیمے اور شیڈ مسمار کردیے ہیں اور سولر پینل اکھاڑ دئیے۔فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے اسرائیلی فوجیوں پر وادیِ اردن میں واقع گائوں حمسہ الباقیہ کو مکمل طور پر مسمار کرنے کا الزام عاید کیا اور کہا کہ اس کے بعد قریبا 80افراد بے یارومددگار ہوگئے ۔اسرائیلی فوج کی غربِ اردن میں شہری امور کی ذمے دار شاخ کوگیٹ نے اس غیر انسانی کارروائی کا یہ جواز پیش کیا کہ فلسطنیوں کے منہدم کیے گئے مکانات اور شیڈ فائرنگ زون (فوجی تربیتی علاقے)میں غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے تھے۔