اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایک امریکی نژاد اسرائیلی ارب پتی حائیم سابان نے اسرائیلی اخبار ”ہارٹز” کو خصوصی انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یو اے ای اور بحرین کی طرح اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
سابان کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر سعودی عرب نے اسرائیل کو تسلیم کیا تو نہ صرف قطر اور ایران بلکہ سعودی عوام کو انہیں قتل کرنے کا موقع مل جائے گا۔سابان نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اسرائیل کو تسلیم کرنے کے مخالف ہیں اور وہ 2002 میں سعودی دار الحکومت ریاض میں طے پانے والے عرب اسرائیل امن منصوبے کا نفاذ چاہتے ہیں۔چونکہ سعودی عوام میں مذہبی حلقوں کا اثر ورسوخ بہت زیادہ ہے جبکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے حرمین شریفین میں انتظامیہ کا کردار اور عالم اسلام میں سعودی عرب کی ساکھ خطرے میں پڑ سکتی ہے۔اسرائیلی اخبار کے مطابق سعودی فرمانروا نے یہ بھی کہا کہ ترکی اور ایران کو حرمین شریفین پر سعودی عرب کی اجارہ داری کو متنازع بنانے کا بھی موقع مل جائے گا۔