واشنگٹن(این این آئی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو گندا ملک قرار دے دیا، امریکی صدارتی امیدواروں کے آخری مباحثے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کو دیکھو، کتنا گندا ہے، وہاں کی ہوا کتنی آلودہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ مباحثے میں کورونا وائرس کی وبا، نسلی امتیاز، قومی سلامتی، ماحولیاتی تبدیلی اور قائدانہ کردار پر بات ہو گی،
کورونا عالمی وبا ہے جو چین سے آیا، کورونا وائرس کی وبا ابھی ختم نہیں ہوئی، یہ عالمی وبا ہے، جس سے پوری دنیا متاثر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ 22 لاکھ امریکیوں کے کورونا وائرس کی وبا سے ہلاک ہونے کا خدشہ تھا، چین سے آئے ہوئے اس وائرس سے لڑنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، چند ہفتوں میں ویکسین آ جائے گی، میں نے بھی یہ ویکسین استعمال کی، اسی سے بہتر ہوا۔ٹرمپ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا اب دور ہوتی جا رہی ہے، ویکسین اس سال کے آخر تک آ جائے گی، ہم کورونا وائرس کے ساتھ جینا سیکھ رہے ہیں، مجھے کورونا کا مرض ہوا، میں ٹھیک ہو گیا، 99 فیصد لوگ ٹھیک ہو جاتے ہیں، ہمیں اپنے اسکول کھولنا ہوں گے، ہم ملک بند نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس میری وجہ سے نہیں چین سے آیا ہے، جب میں نے چینیوں کے لیے شٹ ڈاون کیا تو بائیڈن نے کہا کہ غلط کام کیا، ڈیمو کریٹس ریاستوں کو دیکھیں وہ شٹ ڈاون کر رہے ہیں اور مر رہے ہیں، ملک کھولنا چاہتا ہوں، میں اسکول کھولنا چاہتا ہوں، بچوں سے ٹیچرز میں بیماری پھیلنے کے کم کیسز ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھاکہ ڈاکٹر فاوچی نے کہا کہ ماسک نہ پہنیں، ڈاکٹر فاوچی نے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے کچھ نہیں ہو گا، یہ وائرس چلا جائے گا، امریکا بہت بڑی معیشت ہے، یہاں لوگ نشے کے عادی ہو رہے ہیں، نیویارک کو دیکھیں میرے شہر کی حالت، لوگ اسے چھوڑ کر جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے نہیں بائیڈن نے روس سے ساڑھے 3 ملین ڈالر لیے، بائیڈن کے بھائی نے عراق سے کئی ملین ڈالر بنائے، جوبائیڈن کو ساڑھے 3 ملین ڈالر روس سے ملے، آپ کو بتانا پڑے گا، مجھ سے زیادہ روس کے معاملے پر کوئی بھی زیادہ سخت نہیں، روس بائیڈن کو بہت رقم دے رہا ہے، ای میلز نے یہ ظاہر کر دیا، جوبائیڈن آپ کو وضاحت دینا ہو گی کہ بطور نائب صدر آپ نے کیا کیا؟امریکی صدر نے کہا کہ میں نے 2013 میں اکاونٹ کھولا تھا جو اب بند ہے، میرے بہت سے بینک اکاونٹس ہیں جو بہت سی جگہوں پر ہیں، 2013 میں میرا چین میں اکاونٹ تھا، لیکن صدر بننے سے پہلے بند کر دیا، چین پہلے ہی قیمت ادا کر رہا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ تاثر نہ دیں کہ آپ معصوم بچے ہیں، سابق صدر اوباما سمجھتے تھے کہ شمالی کوریا سے جنگ ہو گی، بائیڈن الیکشن جیت گئے تو اسٹاک مارکیٹ بیٹھ جائے گی، نینسی پلوسی چاہتی ہیں کہ ڈیمو کریٹس 3 نومبر کو جیت جائیں، اس لیے وہ روڑے اٹکا رہی ہیں، بائیڈن نے سیاہ فاموں کو سپر شکاری کہا تھا، میں نے بائیڈن اور اوباما کی خراب پرفارمنس کی وجہ سے صدارتی الیکشن لڑا۔