اسلام آباد /یروآن(این این آئی) آذربائیجان اور آرمینیا کے دوران نگورنوکاراباخ کے معاملے پر آذری فوج کے حملے کے بعد آرمینین افواج کے میدان چھوڑ کر بھاگنے کی ویڈیو سامنے آگئی۔پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے
متنازع علاقے نگورنو کاراباخ سے متعلق ٹوئٹ کی۔میڈیارپورٹس کے مطابق علی علی زادہ نے آرمینیا کی جانب سے رہائشی علاقوں میں عام شہریوں پر میزائل حملوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ آرمینیا اپنے فوجیوں کو غیر قانونی طور پر مقبوضہ زمین پر بھیج رہا ہے۔علی علی زادہ نے مطالبہ کیا کہ آرمینیا فوری طور پر آذربائیجان کے مقبوضہ علاقوں سے اپنے فوجی واپس بلائے۔آذربائیجان کے سفیر نے اپنی ٹوئٹ میں ایک ویڈیو بھی شیئر کی اور بتایا کہ آذربائیجان کی فورس آرمینین افواج کا پیچھا کررہی ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آرمینیا کے فوجی لڑائی کے دوران آذربائیجان کے فوج کے حملے کے بعد پسپائی اختیار کرتے ہوئے بھاگ رہے ہیں۔واضح رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان نگورنو کاراباخ کے متنازع علاقے پر تین ہفتوں سے جنگ جاری ہے جس میں اب تک سیکڑوں فوجی مارے جاچکے ہیں جب کہ آرمینیا نے رہائشی علاقوں پر بھی میزائل حملے کیے ہیں۔