اسلام آباد(مانیٹرگن ڈیسک)ترک صدر رجب طیب اردگان نے استنبول میں صحافیوں کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے واضح الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کے معاہدے کے باعث ترکی ابو ظہبی میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات منسوخ کرنے پر غور کر رہاہے ۔دوسری جانب فلسطین نے متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم ہونے کے بعد امارات
سے اپنا سفیر احتجاجا واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ معاہدے پر اپنے ردعمل میں فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الاقصیٰ، مقبوضہ بیت المقدس اور فلسطینی کاز کو دھوکا دیا گیا۔فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات حقیر معاہدے سے فوری پیچھے ہٹے۔ امارات کو حق نہیں پہنچتا کہ فلسطینی عوام کی طرف سے بات کرے، کسی کو فلسطینیوں کے امور میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جائیگی۔