نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا بھر میں کورونا وائرس کا پھیلائو تیز ہونے لگا،امریکا میں وبا کی د وسری لہر تیزی سے جاری ہے ،ملک میں متاثرین کی تعداد50لاکھ سے بڑھ گئی،ہر80سیکنڈ میں ایک امریکی شہری مرنے لگا۔امریکی ریاست اوہائیو کے گورنر مارک ڈیوائن بھی
وائرس کا شکار ہوگئے ۔صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ 3نومبر کے صدارتی الیکشن سے قبل کورونا ویکسین سامنے آ سکتی ہے ۔قومی موقر نامے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی اخبار نے امریکی ٹی وی کے اعدادوشمار کے حوالے سے بتایا کہ امریکا میں ہر 80سیکنڈ میں کورونا سے ایک شہری مرنے لگا،رائٹرز کے مطابق وائٹ ہائوس کے ماہرین نے امریکی شہروں میں کیسز کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کردیا،ماہرین کا کہنا تھا بوسٹن، شکاگو اور واشنگٹن میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ماہرین نے مقامی حکام پر زور دیاکہ وہ احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔براعظم ایشیا کے تمام ممالک وائرس سے متاثر ہیں،چین میں 37نئے کیس سامنے آئے ،ایران میں مزید174افراد لقمہ اجل بنے ۔ویتنام میں بڑھتے کیسز کے بعد سپورٹس کمپلیکس کو ہسپتال میں بدل دیاگیا۔بھارت میں ایک دن میں 62ہزار نئے کیسز جبکہ 900 افراد ہلاک ہوئے ۔ ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ایک ہسپتال میں آتشزدگی سے 8کورونا مریض زندہ جل گئے ۔بڑھتے کیسز کے بعد جاپان کے علاقے ایچی میں ہنگامی حالت نافذ کرکے لاک ڈائون کردیاگیا۔ترکی نے کیسز میں اضافے پربندشیں دوبارہ عائد کرنے کا اعلان کردیا۔آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں دوسری بار لاک ڈائون نافذ کردیاگیا۔