واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی وزیر اعظم عمران خان کی یوٹرن پالیسی پسند آگئی ،غیر ملکی طلبہ کو ملک بدرکرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت اْن غیر ملکی طلبا کو ملک بدر کرنے کے منصوبے سے دستبردار ہوگئی ہے جن کی تعلیمی سرگرمیاں کورونا کے باعث مکمل طور پر آن لائن ہو چکی ہیں ، امریکہ کی حکومت کی جانب سے یہ یوٹرن نئی پالیسی کے اعلان کے
ایک ہفتے کے بعد ہی لیا گیا ہے۔اس سے قبل چھ جولائی کو امریکہ کے محکمہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئس) نے کہا تھا کہ امریکی یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم وہ غیر ملکی طلبا جن کی کلاسیں مکمل طور پر آن لائن ہو چکی ہیں، ان کا ملک میں رہنا غیر قانونی قرار پائے گا۔محکمے نے کہا تھا کہ طلبا کو یا تو امریکہ چھوڑنا ہوگا، اور اگر وہ فال 2020 یعنی خزاں کے سیمیسٹر کے دوران امریکہ میں رہنا چاہتے ہیں تو انھیں ایسا کوئی کورس لینا ہوگا جہاں آف لائن کلاسیں جاری ہوں۔