استنبول (این این آئی )استنبول کی تاریخی عمارت آیا صوفیہ میوزیم کومسجد میں تبدیل کرنے کے ترک حکومت کے فیصلے پر جرمنی میں رہنے والی ترک کمیونٹی نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جرمنی میں ترک کمیونٹی کی نمائندگی کرنے والے متعدد گروپوں میں سب سے اہم گروپ کے چیئرمین سوفو گلو نے آیا صوفیہ میوزیم کو مسجد میں تبدیل کرنے کے ترکی حکومت کے فیصلے کی نکتہ چینی کرتے ہوئے اسے ایک غلط فیصلہ قرار دیا۔سوفو گلو کا کہنا تھا کہ آیا صوفیہ کو پوری دنیا میں
مذہبی رواداری اور سیکولرزم کی علامت سمجھا جاتا ہے لیکن اس کو مسجد میں تبدیل کرنے کے ترکی حکومت کے فیصلے کے بعد ترکی کی شبیہ متاثر ہوگی۔انہوں نے جرمن خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا آیا صوفیہ دنیا کا تاریخی ورثہ ہے۔ یہ مذاہب کے مابین پر امن بقائے باہم کی علامت ہے۔ اور اسے مسجد میں تبدیل کرنے کا فیصلہ یکسر غلط ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکی اب ایک معتوب ملک بن جائے گا کیوں کہ یہ ایک عالمی وراثت کو اس کی حقیقی شکل میں برقرار نہیں رکھ سکا۔