ریاض (این این آئی )سعودی عرب نے کرونا وائرس کے 1869 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے جبکہ پہلے سے اس مہلک وَبا کا شکار 1484 مریض صحت یاب ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایاکہ مملکت میں اب کرونا کے کل کیسوں کی تعداد 89011 ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں اضافے کے باوجود گذشتہ ایک ہفتے کے دوران میں 17340 مریض تن درست ہوگئے ہیں اور اب تک کل صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 65790 ہوگئی ہے۔سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے مطابق اب تک 70 فی صد مریض تن درست ہوچکے ہیں۔ گذشتہ سات روز میں کووِڈ-19 کا شکار 138 مریض وفات پاگئے ہیں اور اب سعودی عرب میں کل اموات کی تعداد 549 ہوگئی ہے۔ڈاکٹر محمد العبد العالی نے ایک نشری نیوز کانفرنس کے دوران میں بتایا ہے کہ سعودی عرب میں اس وقت کووِڈ19 کے 22672 فعال کیس ہیں،ان کی صحت مستحکم ہے جبکہ 1264 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔انھوں نے وضاحت کی کہ گذشتہ چند روز کے دوران میں زیادہ تر ضعیف العمر افراد کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں یا پھر وہ افراد اس کی زد میں آئے ہیں جو پہلیسے مختلف عوارض سے دوچار تھے۔ان کا کہنا تھا کہ کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی ایک وجہ لوگوں کا آپس میں آزادانہ میل ملاپ اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کرنا ہے۔ وہ سماجی فاصلہ اختیار نہیں کررہے ہیں۔انھوں نے لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ عوامی مقامات پر جاتے وقت سماجی فاصلہ اختیار کریں اور چہرے پر ماسک پہن رکھیں۔