بیجنگ (این این آئی)کورونا وائرس کی وبا پھیلنے اور جنوری میں پہلی موت کی خبر دینے کے بعد منگل سات اپریل کو پہلا موقع تھا جب چین میں وائرس کی وجہ سے ایک بھی ہلاکت نہیں ہوئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کے قومی صحت کمیشن نے بتایاکہ ملک میں صرف 32 نئے متاثرین سامنے آئے، جو کہ گزشتہ روز کے مقابلے میں سات کم تھے۔
چین کی جانب سے کورونا وائرس کے کم ہوتے ہوئے اعداد و شمار پر کئی نے شکوک کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ چین تعداد کم بتا رہا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چین میں 81740 افراد مصدقہ طور پر کووڈ 19 کے مریض ہیں جبکہ کل 3331 افراد کی اس کے باعث ہلاکت ہوئی ہے۔گزشتہ روز سامنے آنے والے تمام 32 متاثرین وہ تھے جو بیرون ملک سے چین آئے تھے۔