واشنگٹن(این این آئی)میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل نے کہاہے کہ ان کے نواسے آرچی کو امریکا میں خطرہ، شاہی جوڑا واپس لوٹ جائے، غیر ملکی میڈیا کو دئیے ایک انٹرویو میں 75 سالہ تھامس مارکل نے نواسے آرچی کے لیے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خدشہ ہے کہ
شیر خوار آرچی بھی اس وبائی مرض میں مبتلا نہ ہوجائے۔تھامس مارکل نے بیٹی میگھن کے حوالے سے بھی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن کو شاہی محل واپس جانا چاہئے اور ملکہ ایلزبتھ کا ساتھ دینا چاہئے۔انہوں نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہیری اور میگھن کو برطانیہ میں ہونا چاہئے لاس اینجلس میں نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ کیلیفورنیا میں میگھن کے کورونا وائرس کا شکار ہونے سے پریشان ہیں کیوں کہ امریکا دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے۔انہوں نے جوڑے کے حوالے سے یہ بھی کہا کہ ہیری اور میگھن کو سیلیبریٹی ہونے کی وجہ سے پیسہ کمانے میں تو کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا لیکن ان کا شاہی لقب انہیں زیادہ عزت دلواسکتے ہیں۔