اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کرونا وائرس کی وجہ سے کئی دہائیوں بعد مسجد نبویؐ میں گزشتہ روزنماز جمعہ اس طرح ادا کی گئی کہ گنتی لاکھوں میں نہیں بلکہ سینکڑوں میں تھی۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا اورسنا جا سکتا ہے کہ نمازیوں کی کم حاضری نے امام صاحب کو بھی اتنا دکھی کر دیا کہ دوران نماز تلاوت کرتے ہوئے ان کی آواز غم سے رندھ گئی ۔یہاں تک کہ ایک موقع پریوں محسوس ہوتا ہے کہ اپنی آنکھوں کی نمی کو ہاتھ سے پونچھ رہے ہیں۔
ویڈیو میں مسجد نبوی میں نماز جمعہ ادا کرنے والوں کی صرف دو صفیں دکھائی دے رہی ہیں۔ جس سے پتا چلتا ہے کہ نمازیوں کی تعداد خاصی کم تھی۔نمازیوں سے کھچا کھچ بھری رہنے والی مسجد نبوی میں ایسا منظر لوگوں کو کئی دہائیوں بعد دیکھنے کو ملا ہے۔صارفین نے اس ویڈیو کے دیکھنے کے بعد بہت جذباتی کمنٹس کیے ہیں اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ سعودی مملکت اور دیگر ممالک کو جلد سے جلد کورونا کی وبا سے پاک کر دے۔