اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی وبا کووڈ انیس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر ابراہیمی مذاہب میں انتہائی مقدس تصور کی جانے والی مسجد الاقصیٰ اور گنبد الصخرا ( ڈوم آف دا راک) کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ اسلامی مذہبی اتھارٹی سے وابستہ عمر کسوانی نے صحافیوں کو بتایا کہ اب ان انتہائی مقدس مقامات میں کوئی داخل نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم نمازی البتہ الاقصیٰ مسجد کے باہر کھیلے میدان میں نماز ادا کر سکیں گے۔
دریں اثناایرانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مزید 113 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان ہلاکتوں کے بعد اس عالمی وبا کی وجہ سے ایران میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 724 ہو گئی ہے۔ ایران میں گزشتہ ماہ اس وائرس کا پہلا کیس رپورٹ کیا گیا تھا۔ تہران حکومت نے ایک ہزار نو نئے کیس رپورٹ کیے ہیں اور یوں مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد چودہ ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ خدشہ ہے کہ اگر ایران میں اس وبا کے حوالے سے موجودہ صورتحال بہتر نہ ہوئی، تو ملک کا نظام صحت بیٹھ سکتا ہے۔علاوہ ازیں بھارت میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد 107 ہو گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ایک ہی دن میں تیئس نئے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں اس عالمی وبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد اب 37 ہو گئی ہے۔