انقرہ (این این آئی)ترکی کے صدر کے ذاتی محافظین نے پولیس کے کتوں کے ذریعے الجزائر میں اْس کانفرنس ہال کی تلاشی لی جہاں ایردوآن اور ان کے الجزائری ہم منصب عبدالمجید تبون کی مشترکہ پریس کانفرنس منعقد ہونا تھا۔دونوں سربراہان کی آمد سے قبل انجام دیے گئے اس عمل نے الجزائر کے حلقوں میں غصے کی آگ بھڑکا دی۔ الجزائریوں کے نزدیک یہ فعل ان کے ملک کے استحکام کے حوالے سے
اہانت اور شکوک پر مبنی ہے اور الجزائر کے سیکورٹی اداروں کو چھوٹا گرداننے کے مترادف ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایردوآن سرکاری دورے پر الجزائر کے دارالحکومت پہنچے تھے۔ اس دورے کی دعوت نہیں الجزائری صدر عبدالمجید تبون نے دی تھی۔ دونوں سربراہان کے درمیان بات چیت میں لیبیا کا بحران سرفہرست رہا۔ اس کے علاوہ الجزائر اور ترکی کے درمیان اقتصادی تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔دونوں سربراہان کی پریس کانفرنس کے آغاز سے قبل صحافی اْس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے کانفرنس کی تلاشی کے لیے پولیس کے تربیت یافتہ کتوں کو داخل ہوتے دیکھا۔ سوشل میڈیا پر اس اقدام کو سخت تنقید اور نکتہ چینی کا نشانہ بنایا گیا اور اسے ایردوآن کی جانب سے الجزائر کے عدم احترام اور اس کی توہین کے مترادف شمار کیا گیا۔انسانی حقوق کے الجزائری کارکن الحبیب العلیلی کے مطابق ایردوآن کے ذاتی محافظین نے اس طرح تصرف کیا گویا کہ وہ مہمان نہیں بلکہ اس سرزمین کے مالک ہیں۔ انہوں نے باور کرایا کہ یہ حرکت پروٹوکول اور قومی خود مختاری و سیادت کی خلاف ورزی ہے۔