تہران (این این آئی)ایران میں مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ الاہواز صوبے میں ایک مسافر طیارہ رن وے پر اترتے وقت اپنے راستے سے پھسل کر ہوائی اڈے سے ملحق ایک سڑک پر آ گیا۔ یہ واقعہ پیر کی صبح معشور شہر میں پیش آیا۔
ایرانی ٹی وی کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے زیر انتظام فضائی کمپنی ائیرلائن کیسین کا طیارہ دارالحکومت تہران سے آ رہا تھا اور اس میں 130 مسافر سوار تھے۔ ایرانی ذمے داران کے مطابق واقعے میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور وڈیوز میں مسافروں کو افراتفری کے عالم میں سیڑھی کے بغیر براہ راست جہاز سے اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اس سے قبل اتوار کے روز بھی ایک مسافر طیارہ تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہو گیا تھا۔ یہ طیارہ ترکی کے شہر استنبول جا رہا تھا۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مذکورہ ایئربس طیارہ ایران ایئر ٹورفضائی کمپنی کا تھا اور فنی خرابی کے باعث واپس تہران لوٹ گیا۔یہ حادثات اور واقعات ایسے وقت سامنے آ رہے ہیں جب 8 جنوری کو ایرانی پاسداران انقلاب کے میزائلوں کے ذریعے یوکرین کے ایک مسافر طیارے کو مار گرائے جانے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ حادثے میں طیارے میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔