کوالالمپور( آن لائن )ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد اور سعودی شاہ سلمان کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو فون کر کے کوالالمپور میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم نے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ کوالالمپور اجلاس او آئی سی کی جگہ نہیں لے گا۔صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان کے اس موقف سے اتفاق کرتا ہوں کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حوالے سے او آئی سی کا اجلاس بلانا چاہئیے۔مہا تیر محمد کا کہنا تھا کہ سعودی شاہ نے انہیں کوالالمپور سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجوہات سے آگاہ کیا۔سعودی شاہ کا اس حوالے سے موقف کچھ اور تھا۔وہ چاہتے تھے کہ امت کو درپیش مسائل کو او آئی سی اجلاس میں اٹھانا چاہئے اور میں ان کے اس موقف سے اتفاق کرتا ہوں۔جب کہ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے اپنے ملک میں شیڈول اسلامی ممالک کی کانفرنس کے حوالے سے سعودی عرب کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ملائیشیا میں شیڈول کانفرنس میں شرکت سے معذرت کرنے کے بعد مہاتیر محمد نے سعودی عرب کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہاتیر محمد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کر کے ملائیشیا میں شیڈول کانفرنس کے حوالے سے ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ چونکہ سعودی عرب کو کوالالمپور سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کو یہ خدشہ ہے کہ کوا لالمپور سربراہ اجلاس کہیں او آئی سی کی جگہ نہ لے لے۔ اسی باعث پاکستان نے فیصلہ کیا کہ کوالالمپور سمٹ میں نہ تو وزیراعظم شرکت کرینگے نہ ہی وزیر خارجہ۔ مہاتیر محمد کو پاکستان کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا۔ مہاتیر محمد کی سپورٹ پاکستان کو حاصل ہے۔ سعودی عرب کے تحفظات دور کرنے کیلئے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے سیخود وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کو آگاہ کیا۔