واشنگٹن ( آن لائن ) امریکی ریاست نیو جرسی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 4 شہری ہلاک ہو گئے، سیکورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں 2 حملہ آور بھی مارے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکار قتل کی تفتیش کے سلسلے میں دو افراد کے پاس گئے تو ملزمان اہلکار کے سر پر گولی مار کر فرار ہو گئے اور ایک دکان میں گھس گئے جہاں وقفے وقفے سے باہر کھڑے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرتے رہے۔مزید نفری طلب کرنے پر دکان کو گھیر لیا گیا جبکہ سواٹ کمانڈوز بھی طلب کر لئے گئے۔
بعد ازاں ایک روبوٹ اور پولیس اہلکاروں کو سٹور کے اندر بھیجا گیا جنہوں نے ملزمان کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان ڈرگ ڈیل میں ملوث تھے۔فائرنگ تبادلے کے دوران جرسی سٹی کے سکول اور یونیورسٹی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے خالی کروا لئے گئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 30 ہزار طلبا اور 43 سکولز محفوظ ہیں، واقعے سے متعلق دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے تاہم صدر ٹرمپ کو معاملے سے متعلق وائٹ ہاوس میں آگاہ کر دیا گیا تھا۔