نیویارک(این این آئی)کثیر الاشاعت امریکی اخبار نے ایران کی خفیہ معلومات کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں ایران کے اس منصوبے کا پردہ چاک کیا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر وہ خطے میں اپنا اثرونفوذ بڑھانا چاہتا ہے۔امریکی اخبار نے لیک ہونے والی خفیہ ایرانی رپورٹس کے حوالے سے بتایا کہ پاسداران انقلاب کے دنیا بھر میں کارروائیوں کی نگران القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمھدی کے ہاتھ
مضبوط کرنے کی غرض سے عراق کا دورہ کیا۔ اخبار نے دعویٰ کیا کہ بغداد کے ہوائی اڈے سے ایرانی حکام واپس نہیں گئے۔اخبارکے مطابق بغداد ہوائی اڈے پر تعینات ایرانی خفیہ اداروں کے عہدیدار امریکی فوجیوں کی مانیڑنگ سمیت داعش کے خلاف سرگرم بین الاقوامی پروازوں کی نگرانی کرتے ہیں۔اخبار کا کہنا تھا کہ لبنان، شام اور عراق میں ایرانی سفرا دراصل پاسداران انقلاب کے اعلیٰ عہدیدار ہیں۔ عراق کے سیاسی، سیکیورٹی اور فوجی حکام نے ایران کے ساتھ خفیہ رابطے قائم کر رکھے ہیں۔