سان تیاگو (این این آئی)ایک سعودی فوٹوگرافر کی حرم مکی میں لی گئی ایک تصویر نے اٹلی میں تصویروں کے بین الاقوامی مقابلے میں ایوارڈ جیت لیا۔ سیینا بین الاقوامی مقابلے میں دلچسپ چہروں اور کرداروں کے محور کے حوالے سے ہونے والے مقابلے میں اس تصویر کو
غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی جس کے بعد سعودی فوٹو گرافر کی حرم مکی میں لی گئی تصویر کو بہترین اور ایوارڈ کی مستحق قرار دیا گیا۔ٹی وی کے کیمرہ مین اور ہدایتکار عمار الامیر نے عرب ٹی وی سے کہا کہ میں نے حرم مکی میں سفید کپڑوں میں ملبوس مسلمانوں کو خشوع وخضوع کے ساتھ عبادت اور شعائر اسلام کی ادائی کے منظر کواپنے کیمرے میں محفوظ کرنا اور اسے عالمی سطح پر دوسرے مذاہب کے پیروکاروں کے سامنے پیش کرنے پر فخر ہے۔ میں نے یہ تصور اٹلی میں ہونے والے بین الاقوامی مقابلے میں مخلتف مذاہب اور اقوام کے لوگوں کے سامنے پیش کی جسے بہت زیادہ پسند کیا گیا۔سیینا دنیا کے فوٹو گرافی کے سب سے بڑے مقابلوں میں سے ایک ہے۔ اس مقابلے کے دوران سعودی فوٹو گرافر عمار الامیر کی اس تصویر کو پوری دنیا کے پیشہ ور مصوروں نے ہزاروں تصاویر میں سے منتخب کیا ہے۔امیر نے بتایا کہ وہ کیمرے اور پیشہ ورانہ فوٹیج سے محبت کرتا ہے۔ اس کی تصاویر حرم الشریف کے فن تعمیر کو دستاویزی انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔