اسلا م آباد (این این آئی) افغانستان میں امن کے قیام کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے طالبان کے ساتھ مذاکرات میں تعطل کے بعد یورپی ممالک اور روس کادورہ شر وع کیا ہے جس کے دوران وہ مذاکرات کی بحالی اور جنگ کے خاتمے سے متعلق ملاقاتیں کرینگے۔پیر کو امریکی وزارت خارجہ کے جاری کر دہ بیان میں کہا گیا کہ زلمے خلیل زاد برسلز،پیرس اور ماسکو کا دورہ کرینگے۔بیان کے مطابق برسلز اور پیرس میں وہ یورپی یونین،نیٹو اور اقوام متحد ہ کے
شراکت داروں کے ساتھ ملاقاتیں کرینگے جس میں افغانستان میں امن کے قیام کیلئے کوششیں تیز کر نے کیلئے ان ممالک کی حمایت حاصل کی جائیگی۔بیان کے مطابق ماسکو میں خلیل زاد روسی اور چینی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتیں کر ینگے اور افغانستان میں جنگ کے خاتمے سے متعلق امور پر گفتگو کرینگے۔زلمے خلیل زاد نے ایسے موقع پر اپنے مشن کا دوبارہ آغاز کیا ہے جب طالبان اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ کابل میں طالبان کے ایک حملے کے بعد امن مذاکرات روک لیے تھے۔دریں اثناء”این این آئی“کو معلوم ہوا ہے کہ پاکستان 25اکتوبر کو ماسکو میں چین،امریکہ اور ورس کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کرے گا جس میں افغانستان امن عمل کے متعلق مشورے کیے جائینگے۔ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری محمد اعجاز ماسکو کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر ینگے۔اس مشاورتی اجلاس میں روس،چین اور امریکہ کے افغانستان کیلئے خصوصی نمائندے شرکت کرینگے،یہ سہ فریقی فورم کا چوتھا اجلاس ہو گا۔ اس سے پہلے بیجنگ میں جولائی میں سہ فریقی اجلاس ہوا تھا جس میں پہلی مرتبہ پاکستان کو ان کے اہم کر دار کی بنیاد پر شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔