ایتھنز (این این آئی)یونانی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 26 مہاجرین کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایک دوسری کارروائی میں ایسے 12 پاکستانیوں کو بھی پکڑ لیا گیا ہے، جنہیں رقوم کی ادائیگی نہ کرنے کہ وجہ سے ایک مکان میں رکھا گیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یونان کی پولیس نے ایک ایسی ویگن پکڑی جس میں کم از کم چھبیس مہاجرین سوار تھے اور یہ اس یورپی ملک میں غیرقانونی طریقے سے داخل ہوئے تھے۔ بتایا گیا کہ اس ویگن میں کْل23پاکستانی جبکہ تین بنگلہ دیشی مہاجرین سوار تھے۔ پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پولیس نے شمالی شہر تھیسالونیکی میں ایک
ویگن کو روکا، جس کا ڈرائیور البانیہ کا ایک شہری تھا۔ ڈرائیور نے گاڑی چھوڑ کر بھاگنے کی کوشش کی لیکن اْسے گرفتار کر لیا گیا۔ پکڑے گئے پاکستانی مہاجرین ایجنٹوں کو فی کس دو ہزار یورو دے کر ترکی کے رستے یونان پہنچے تھے۔ زیادہ تر غیرقانونی مہاجرین ترکی اور یونان کے مابین دریا کو عبور کر کے یونان پہنچتے ہیں۔پکڑے گئے ڈرائیور کی نشاندہی پر یونانی پولیس نے ایک دوسرے مقام پر چھاپا مارا، جہاں مزید بارہ پاکستانیوں کو قید کر کے رکھا گیا تھا۔ وہاں سے ایک ایسے یونانی شخص کو گرفتار کیا گیا، جو ان سے مزید پیسے ادا کرنے کا مطالبہ کر رہا تھا اور اس نے انہیں قید میں رکھا ہوا تھا۔