سری نگر (این این آئی)راہول گاندھی کو مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے سے روکنے پر بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اورکہاہے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں صورت حال نارمل ہے تو حکومت نے راہول گاندھی کو سری نگر سے واپس کیوں بھیج دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کانگریس کے ٹوئٹر اکاونٹ پر کہا گیا ہے کہ مودی سرکار اصل میں کیا چھپانا چاہ رہی ہے۔
اپوزیشن پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں صورت حال نارمل ہے، جیسا کہ حکومت بھی کہتی ہے، تو پھر راہول گاندھی کی قیادت میں وفد کو سری نگر ایئرپورٹ سے واپس کیوں بھیج دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ راہول گاندھی اور ان کے ساتھیوں کو سری نگر ایئر پورٹ سے باہر ہی نہیں نکلنے دیا گیا۔اس موقع پر راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ انہیں سری نگر میں داخل نہ ہونے دینے کا مطلب ہے کہ مودی سرکار کچھ چھپا رہی ہے۔