تہران (این این آئی) سپریم لیڈر ایران آیت اللہ خامنہ ای نے وادی کشمیر میں مسلمانوں کی ابتر صورتحال پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر کے تہذیب یافتہ عوام سے انصاف پر مبنی رویہ اختیار کرے۔انہوں نے بدھ کو تہران میں ایرانی کے صدر حسن روحانی اور ان کے اراکین کابینہ کے ساتھ ایک ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے بھارت سے
اچھے تعلقات تو ہیں مگر ہماری توقع ہے کہ بھارت منصفانہ رویہ اپنائے اور کشمیر کی تہذیب یافتہ قوم پر جبر نہ کیا جائے۔سپریم لیڈر نے کہا کہ کشمیر کی حالیہ صورتحال اور پاکستان و بھارت کے درمیان اختلافات کی اصل وجہ خبیث برطانیہ ہے جو برصغیر میں ایسے حالات پیدا کرکے یہ علاقہ چھوڑ گیا،انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے کشمیر کے مسئلے کو طول دینے کے لئے خطے پر اس زخم کو تازہ رکھا۔