نئی دہلی(آن لائن) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بھارتی آئین کو قتل کردیا ہے۔بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کرتے ہوئے ریاست کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کے بل پیش کرنے کے دوران بھارتی اپوزیشن نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید احتجاج کیا۔ کانگریس کے
رہنما غلام نبی نے حکومت کے اس فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے آئین کا قتل کردیا ہے۔جموں کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے 2 ارکان پارلیمنٹ نذیر احمد لاوے اور ایم ایم فیاض نے بھی شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی آئین کی کاپیاں پھاڑتے ہوئے واک آؤٹ کرگئے۔دوسری طرف بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے رہنما اس فیصلے پر خوشی کے شادیانے بجارہے ہیں اور مکمل حمایت کرتے نظر آرہے ہیں۔