واشنگٹن(اے این این ) امریکی ریاست ٹیکساس کے سرحدی شہر الپاسو میں فائرنگ سے 20 افراد ہلاک اور 30سے زائد د زخمی ہو گئے۔میکسیکو کی سرحد کے قریب واقع شہر الپاسو کے شاپنگ مال میں فائرنگ کا واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا جہاں ویک اینڈ کی وجہ سے عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔پولیس حکام نے 20 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں 30 افراد سے زائد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔فائرنگ کے واقعے کے
بعد حملہ آور نے فرار کی کوشش کی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے 21 برس کے ایک سفید فام مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کا نام پیٹریک کروزئیس (Patrick Crusius) ہے جو ڈیلس کا رہائشی ہے۔پولیس چیف کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی تحقیقات نفرت انگیز جرم کے تناظر میں کی جا رہی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بری اطلاعات آرہی ہیں کہ کئی لوگ مارے گئے ہیں۔