نیویارک(آن لائن)جدہ کی کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت کی پروفیسر اور سکالر خاتون ڈاکٹر فاطمہ باعثمان مصنوعی ذہانت میں دنیا میں پہلے انعام کی حقدار قرار پائی ہیں،انہوں نے امریکا میں منعقد ہونے والے مقابلے میں خاتون اول کا اعزاز جیت لیا۔ سعودی جریدے مکہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاطمہ باعثمان نے بتایا کہ مختلف زمروں میں تین ایوارڈز کے لئے ابتدا میں مجھے نامزد کیا تھا، میں نے عالمی سطح پر پہلا انعام جیتا ہے۔ مقابلہ امریکی ریاست سان فرانسسکو میں ہوا جس میں
سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ پہلے زمرے کا تعلق مصنوعی ذہانت کی سماجی اور اخلاقی ذمہ داری سے تھا، دوسرے زمرے کا تعلق مصنوعی ذہانت کی سائنس ریسرچ اور تیسرے زمرے کا تعلق کاروبار میں قائدانہ کردار سے تھا۔ ڈاکٹرفاطمہ باعثمان نی2003ء میں مصنوعی ذہانت کے نفاذ پر پی ایچ ڈی کا مقالہ پیش کیا تھا۔ انہیں برطانیہ کی ہیڈرزفیلڈ یونیورسٹی سے امتیازی پوزیشن کے ساتھ ڈاکٹریٹکی ڈگری ملی۔انھوں نے کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی گرلز سیکشن میں کمپیوٹر سائنس کا شعبہ قائم کیا۔