تہران (آن لائن) ایران کے ٹیلی کام منسٹر محمد جواد آذاری کے مطابق امریکہ کا سائبر حملہ ناکام بنادیا گیا ہے اور اس میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ٹیلی کام منسٹر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے بہت کوشش کی لیکن اپنے اس حملے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ان کا کہنا تھا ہے ایران طویل عرصے سے سائبر دہشتگردی کا سامنا کر رہا ہے اور گزشتہ برس بھی تین کروڑ 30 لاکھ حملوں کو ناکام بنایا گیا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکہ نے ایران کی عسکری
تنصیاب پر سائبر حملہ کر کے راکٹس اور میزائل فائر کرنے والے کمپیوٹرز کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ایران پر سائبر حملے کا مقصد ہتھیاروں کے اس سسٹم کو ناکارہ بنانا تھا جو کہ ایرانی انقلابی گارڈز کے زیر استعمال ہے۔ان حملوں کے جواز میں امریکی سائبر سیکیورٹی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر نے کہا تھا کہ ایران کی طرف سے’مشکوک سائبر سرگرمیاں‘ دیکھنے میں آرہی تھیں جن میں امریکی حکومت کی ایجنسیوں اور صنعتوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔