قاہرہ (این این آئی)مصر میں ایک ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کے اندر لیڈی ڈاکٹر کی موت کے واقعے نے سوشل میڈیا پر غم کی شدید لہر دوڑا دی۔یہ واقعہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے شمال میں الساحل ٹیچنگ ہسپتال میں پیش آیا۔ ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں 35 سالہ اینستھیسیا ڈاکٹر مارگریٹ نبیل نے ایک مریض کو آپریشن سے قبل بے ہوش کیا۔ اپنا کام مکمل کرتے ہی مارگریٹ اچانک زمین پر گری اور اس کی روح پرواز کر گئی۔ اس منظر کو دیکھ کر
آپریشن تھیٹر میں موجود تمام افراد حیران و پریشان رہ گئے۔مارگریٹ کی شادی اپنے ایک ساتھی ڈاکٹر سے ہوئی تھی۔ وہ اپنے ساتھ کام کرنے والے تمام افراد کے لیے محبت اور اعتماد کی علامت سمجھی جاتی تھی۔آپریشن تھیٹر میں مارگریٹ کی اچانک موت کے سبب سوشل میڈیا صارفین بھی غم کے سمندر میں ڈوب گئے۔ انہوں نے مصر کی وزارت صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ مارگریٹ کی یاد میں کسی طبی مرکز کو اْس کے نام سے موسوم کیا جائے۔