خرطوم(این این آئی)سوڈان کی عبوری عسکری کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرھان نے اپنے دورہ مصر کے دوران مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی ہے ۔ قاہرہ میں دونوں رہ نمائوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ امور اور سوڈان کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر السیسی اور جنرل البرھان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں النہضہ ڈیم، جنوبی سوڈان کے ساتھ قیام امن، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سوڈان کے سیکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر مصری صدر السیسی نے سوڈانی عبوری کونسل کے سربراہ کو یقین دلایا کہ خرطوم کا پڑوسی ملک ہونے کے ناطے مصر، سوڈانی قوم کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوڈان میں حالیہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو بات چیت کے عمل میں شامل کرکے مسئلے کا پرامن حل نکالا جانا چاہیے۔سوڈان کی عبوری فوجی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ ان کا ملک ایسے کسی ملک کے ساتھ مراسم نہیں رکھے گا جو مصر کے مفادات کے خلاف کام کرے۔ اسی طرح کسی ایک خلیجی ملک کی قیمت پر دوسرے خلیجی ملک کے ساتھ تعلقات استوار نہیں کیے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ جنرل عبدالفتاح البرھان نے سوڈان کی مدد پر مصر اور خلیجی ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوڈان یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم کردہ عرب اتحاد میں شامل رہے گا۔