ریاض(این این آئی) سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات اور پائپ لائنوں پر دہشت گردوں نے بارود بردار ڈرون سے حملہ کر دیا۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ پمپنگ سٹیشن کے ایک حصے میں معمولی سی آگ بھڑک اْٹھی،پمپنگ سٹیشن میں لگی آگ کو جلد ہی بجھا دیا گیا جبکہ پلانٹ کو تاحکم ثانی بند کردیا گیا ہے، ماہرین پمپنگ سٹیشن کے تمام حصوں کے معائنے کے بعد کلیئرنس دیں گے جس کے بعد پمپنگ سٹیشن کو کھول دیا جائے گا۔ ڈرون کو تحویل میں
لے لیا گیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں واقع بندرگاہ البحر میں تیل کے پمپنگ سٹیشن کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا، ان پمپنگ سٹیشن سے تیل سپلائی کیا جاتا ہے۔سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفالح نے میڈیا کو بتایا کہ تیل کی تنصیبات کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا جس کے لیے ڈرون میں بارود بھرا گیا تھا۔ ڈرون کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔