دبئی(نیوز ڈیسک) امارات میں تیل بردار جہازوں پر حملے کے بعد تیل کی قیمتوں میں بین الاقوامی مارکیٹ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، یاد رہے کہ چین امریکہ کشیدگی اور متحدہ عرب امارات میں تیل بردار جہازوں پر حملے کے پیش نظر عالمی معیشت پر دباؤ کی وجہ سے سرمایہ کاروں اور تاجروں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ایک خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی تیل کی قیمت میں کمی اور برنٹ کے نرخ میں اضافہ ہوا ہے۔
نیویارک مرکنٹائل میں امریکی ویسٹ ٹیساس انٹر میڈیٹ کی جون کے لئے سپلائی کے سودے 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 61.62 ڈالر فی بیرل جبکہ برنٹ کروڈ کی سپلائی نرخ میں 0.3 فیصد اضافہ کے ساتھ 70.81 ڈالر فی بیرل طے پائی۔ واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے خلیجِ عمان میں متحدہ عرب امارات کے پانیوں کے نزدیک 4 تجارتی بحری جہازوں کو تخریب کاری کا نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ یہ کارروائی امارتِ فجیرہ کے نزدیک مشرقی ساحل اور علاقائی پانی کے اندر کی گئی۔الزیانی نے اسے ایک خطرناک جارحیت قرار دیا جس سے ان کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درامد کرنے والوں کی بدنیتی اور شر انگیزی ظاہر ہو رہی ہے،،، ان لوگوں نے علاقے میں بحری جہاز رانی کی سلامتی اور جہازوں میں کام کرنے والے شہری عملے کی زندگیوں کو ایک بڑے خطرے سے دوچار کر دیا۔ الزیانی نے عالمی برادری اور سمندری جہاز رانی سے متعلق بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سیاسی اور قانونی ذمے داریاں پوری کریں تا کہ پوری دنیا کے لیے سرگرم اس خطے میں بحری جہاز رانی کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے کسی بھی فریق کو روکا جا سکے۔مملکت بحرین کی وزارت خارجہ نے بھی امارات کے پانیوں میں شہری تجارتی جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے تخریب کاری کی بھرپور مذمت کی ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت بحرین اس موقع پر برادر متحدہ عرب امارات کی جانب سے کیے جانے والے تمام حفاظتی اقدامات میں اس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ سمندری جہاز رانی کی سلامتی کو یقینی بنانے اور کسی بھی قسم کے سکیورٹی خطرے کو روکنے کے لیے اپنی ذمے داریاں پوری کرے۔ادھر مصر نے بھی امارات کے علاقائی پانی میں 4 جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مصری وزارت خارجہ کے بیان میں باور کرایا گیا ہے کہ مصری حکومت اور عوام،،، اماراتی حکومت اور عوام کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بیان میں دونوں ملکوں کے بیچ خصوصی اور قریبی تعلقات اور قومی سلامتی کے حوالے سے خطرات کو روکنے کے لیے مشترکہ عمل کا بھی ذکر کیا گیا۔بیان میں بتایا گیا کہ کارروائی میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا،،، متعلقہ حکام نے تمام ضروری اقدامات کر لیے ہیں اور وہ مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ تخریب کاری کا ہدف بننے والے جہازوں سے کسی قسم کے خطرناک مواد یا ایندھن کا اخراج بھی نہیں ہوا۔