انقرہ (این این آئی)ترکی اور روس نے ایک جرمن اخبار میں چھپنے والی ایسی رپورٹوں کو مسترد کر دیا ہے، جن میں کہا گیا تھا کہ امریکی پابندیوں کے خدشے کے پیش نظر ترکی نے روسی ساخت کے ایس چار سو میزائل خریدنے کی ڈیل ترک کر دی ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ترجمان نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں تصدیق کی، ایس چار سو طرز کے میزائلوں کی فراہمی کی ڈیل حتمی ہے۔قبل ازیں جرمن اخبار نے اپنی رپورٹوں میں لکھا تھا کہ روس کے ساتھ اسلحے کی خرید و فروخت پر لاگو امریکی پابندیوں کے تناظر میں انقرہ حکومت اس ڈیل سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔ اخبار نے ایک اعلی سطحی ترک اہلکار کے حوالے سے لکھا تھاکہ گو ترک صدر نے اس بارے میں اعلان کیا تھا مگر اس سال جولائی میں روسی ساخت کے ایس چار سو طرز کے میزائل کی فراہمی نہیں ہو گی۔ اس اہلکار کے مطابق اس ڈیل کو عملی جامہ پہنانے کی صورت میں ترکی کو امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا، جو اس وقت پہلے سے کمزور ترک معیشت کے لیے کافی منفی پیش رفت ثابت ہوتی۔