سرینگر(آن لائن)بھارتی فوج کی شمالی کمان کے سابق کمانڈر لیفٹننٹ جنرل دیپندر سنگھ ہوڈا نے کشمیریوں میں بھارت کے خلاف بڑھتے ہوئے غم وغصے اور احساس محرومی کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہمدردانہ سلوک اور سیاسی مقاصد کو واضح کرنے پرزور دیا ہے۔لیفٹننٹ جنرل ہوڈا نے ایک سیمینار کے موقع پر
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے اکثر کشمیر کے حوالے سے الگ الگ سیاسی اور فوجی حکمت عملی اختیارکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اکثر سنتے ہیں کہ فوج نے کشمیر میں سکیورٹی کی صورتحال پر قابو پالیا ہے لیکن سیاسی سطح پر اس حوالے سے کام نہیں ہوا۔بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق انہوں نے کہاکہ ہمیں سیاسی اہداف پر مبنی ایک مشترکہ اور جامع فوجی اور سیاسی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم وادی کشمیر میں عوام کو ایک اچھا بیانیہ دینے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ سیمینار کا اہتمام جنرل ہوڈا کی طرف سے کانگریس پارٹی کے لیے قومی سلامتی کی حکمت عملی کے حوالے سے تیار کی گئی دستاویز پر آبزرور ریسرچ فاونڈیشن نے کیا تھا۔سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق بھارتی وزیر پی چدم برم نے کہاکہ اگر بھارت پاکستان کا بھارت کے حوالے سے رویہ تبدیل کرانا چاہتا ہے توہمیں بھی پاکستان کے ساتھ اپنے رویے کا ازسرنو جائزہ لینا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سکیورٹی سمیت بھارت کو خارجی سطح پر سب سے بڑے چیلنج کا جواب پاک بھارت تعلقات کو معمول پر لانا ہے۔