کابل(این این آئی)افغان طالبان نے کہاہے کہ امریکی نمائندہ امن عمل زلمے خلیل زاد طالبان سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کرنا چھوڑ دیں اور امریکا سے کہیں کہ وہ طاقت کا استعمال چھوڑے۔برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق زلمے خلیل زاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ مذاکرات کے افتتاحی سیشن میں، میں نے طالبان کو آگاہ کیا کہ افغان شہری جو ان کے بھائی اور بہنیں ہیں، وہ اس جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ یہ ہتھیار چھوڑنے، انتہا پسندی کو روکنے
اور امن کے قیام کا وقت ہے۔جس پر افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے زلمے خلیل زاد کے بیان کے ردعمل میں ٹوئٹس کیے۔ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ میں کہا کہ زلمے خلیل زاد ہمارے ہتھیار ڈالنے کے تصور کو بھول جائیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے خوابوں کے بجائے انہیں امریکا کی جانب سے طاقت کا استعمال ختم کرنے کا تصور اور کابل انتظامیہ کے مالی و جانی نقصانات کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ امریکا کو مختلف نتائج کی توقع کرتے ہوئے ناکام حکمت عملی کو دہرانا نہیں چاہیے۔