بیروت(این این آئی)شام کے شمال مغربی علاقے ادلب میں روسی فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں کم سے کم 10 شہری مارے گئے۔ مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتہ کو ایک بیان میں شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے شامی آبزرویٹری نے کہاکہ روسی فوج کے جنگی طیاروں نے ادلب میں کفر نبل اور تل ھواش کے مقامات پر شہری آبادی پر بم باری کی جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت کم سے کم 10 شہری
جاں بحق ہو گئے۔خیال رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں روس اور ترکی کے درمیان طے پائے ایک معاہدے میں ادلب کو اسلحہ سے پاک علاقہ قرار دینے سے اتفاق کیا گیا تھا۔ یہ معاہدہ اس علاقے میں شامی اور روسی فوج کی طرف سے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن سے بچنے کے لیے کیا گیا تھا۔تازہ کشیدگی کے بعد اقوام متحدہ میں سخت تشویش کا اظہار کیاگیا ہے۔ اقوام متحدہ سے روس اور شامی فوج پر زور دیا گیا کہ وہ شام میں فوجی کارروائیوں کے دوران شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔