جدہ(آن لائن) سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک سعودی اور 3پاکستانیوں کو منشیات کی اسمگلنگ اور استعمال کے الزام میں موت کی سزا دے دی گئی ہے ۔جمعہ کو سعودی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ان چاروں منشیات اسمگلروں کو سزائے موت دیدی گئی ۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ پاکستانی شہریوں محمدمصطفی ولد محمد یوسف اوفاطمی اعجاز ولد محمد مصطفی کو ہیروئن اسمگلنگ کے الزام میں الگ الگ گرفتار کیا گیا۔ جنہوں نے پوچھ گچھ کے دوران اعتراف کر لیا کہ وہ اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ جس پر اْنہیں عدالت کی جانب سے سزائے موت دی گئی، جس پر گزشتہ روز اْن کے سر قلم کر کے عمل کر دیا گیا۔وزارت داخلہ کے ایک اور اعلامیے کے مطابق پاکستانی شہری عبدالمالک ولد محمد خلیل کو جدہ ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا، جہاں سکیننگ کے دوران اْس کے پیٹ میں ہیروئن کی موجودگی کا پتا چلا۔جس پر اْسے گرفتار کر کے عدالت منتقل کر دیا گیا۔ جہاں اْسے سزائے موت کا حکم سْنایاگیا۔ گزشتہ روز عبدالمالک کا سر قلم کر دیا گیا۔ جبکہ سعودی شہری عبداللہ بن سلطان بن علی السعیدہ کو چرس کی اسمگلنگ اور دھندا کرنے کے جْرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت کی جانب سے ملزم کو سزائے موت سْنائی گئی جس پر گزشتہ روز عمل درآمد کیا گیا۔ ان چاروں افراد نے فیصلے کیخلاف اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کیا تھا، تاہم اعلیٰ عدالتوں نے ابتدائی فیصلے کو برقرار رکھا۔