نئی دلی(این این آئی)ارون دھتی رائے ، گریش کارنند، امیتابھ گوش، ناین ترا سہگل سمیت 2سو سے زائد بھارتی دانشوروں اور مصنفوں نے نفرت کی سیاست کے خلاف ایک مشترکہ عرضداشت پر دستخط کرتے ہوئے بھارتی عوا م سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں ’’ بھارتیہ جنتا پارٹی ‘‘ (بی جے پی) کو شکست دیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دو سو مصنفوں نے انڈین کلچرل فورم کی ویب سائٹ پر جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ بھارتی آئین تمام شہریوںکو مساوی حقوق دیتا ہے لیکن گزشتہ پانچ برسوں کے دوران یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ شہریوں کو نسل ، ذات اور مذہب کی بنیاد پر مارا پیٹا جاتا رہا اورنفرت انگیز سیاست کے ذریعے ملک کو تقسیم کی طرف لے جایا جا رہا ہے ۔ بیان میں کہا کہ فنکاروں، فلمسازوں ، موسیقاروں اور تہذیب و ثقافت سے وابستہ دیگر افراد کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے ، انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ان پر پابندی عائد کی جا رہی ہے ۔ بھارتی مصنفوں نے اپنے مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ اس سب کے خلاف جو پہلا کام کیا جاسکتا ہے کہ وہ یہ ہے کہ ہم اس نفرت کی سیاست ، لوگوں کو تقسیم کرنے کے اس عمل ، غیر مساوی طرز عمل ، تشدد ، دھمکیوں اور پابندیوں کے خلاف اپنا ووٹ دیں اور یہی نظام کو بدلنے کا آئینی و قانونی راستہ ہے۔ یاد رہے کہ بھارت میں سات مرحلوں پر مشتمل پارلیمانی انتخابات 11اپریل سے شروع ہونگے۔