نئی دہلی (این این آئی)بھارت نے روایتی ہرزہ سرائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان صحافیوں کو اس مقام تک رسائی نہیں دے رہا، جسے بھارتی جنگی جہازوں نے نشانہ بنایا تھا۔ پاکستان کے اس اقدام کا مقصد معلومات کو خفیہ رکھنا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ہفتہ کو صحافیوں کو بتایاکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی جانب سے صحافیوں کو بھارتی سرجیکل اسٹرائیک میں تباہ کیے جانے
والے مقام تک جانے کی اجازت نہ دینے کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان ایسا بہت کچھ پوشیدہ رکھنے کے لیے کر رہا ہے۔برطانوی خبررساں ادارے کے ایک صحافی نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار سے پوچھا کہ سیٹلائٹ سے حاصل کردہ تصاویر میں تو مدرسہ ابھی بھی دکھائی دے رہا ہے، تو اس کے جواب میں انہوں نے ایک بار پھر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہاکہ فضائی کارروائی کامیاب تھی اور مطلوبہ مقاصد حاصل کر لیے گئے۔