نئی دہلی (آن لائن)بھارتی فضائیہ کے دو طیارے تباہ ہونے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر مودی سرکار کو اپوزیشن اور عوام کے سامنے ذلیل کر کے رکھ دیا۔ بھارت جو پاکستان میں رات کے اندھیرے میں فضائی کارروائی کرنے کا دعویدار تھا ، اپنی سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کے حق میں ایک تصویر تک بطور ثبوت پیش نہ کر سکا جبکہ پاکستان نے دن دیہاڑے بھارتی لڑاکا طیارے گرا کر بھارت کو بلا شبہ دن میں تارے دکھا دئے۔
پاکستان کی جانب سے اس قسم کا شاندار سراپرائز ملنے کے بعد مودی سرکاری کو اپوزیشن اور عوام کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے پر چیخ چیخ کر اپنی حکومت کا ساتھ دینے والا بھارتی میڈیا بھی پاک فوج کی اس کارروائی کے بعد چپ سادھ کر بیٹھ گیا ہے گویا انہیں بھی کوئی سانپ سونگھ گیا ہو۔ اپوزیشن نے بھارتی حکومت سے پاکستان میں کی گئی کارروائی کے ثبوت طلب کیے لیکن بھارتی حکومت اس حوالے سے کوئی بھی ثبوت دینے میں ناکام ہو گئی جس سے مودی سرکار کا سیاسی فوائد حاصل کرنے لیے رچایا گیا یہ ڈرامہ بے نقاب ہو گیا۔اپوزیشن نے مودی سرکاری کو خوب آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنے سیاسی مقاصد کے لیے پاکستان میں جن درختوں کو تباہ کیا ان کی قیمت ہمیں دو طیاروں کی تباہی ، پائلٹس کی ہلاکت اور ہمارے پائلٹس کی پاک فوج کے زیر حراست ہونے کی صورت میں چکانا پڑ رہی ہے۔ بھارت کی ”So Called” سرجیکل اسٹرائیکس میں جو تین چار درخت تباہ ہوئے ان کی قیمت بھارت نے دو لڑاکا طیارے اور پائلٹس کی ہلاکت کی صورت میں چکا کر اپنی جان خلاصی کروائی۔اپوزیشن اور عوام کے سامنے اپنی حکومت کے بھونڈے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے اور اب مودی سرکار سے اپیل کی جا رہی ہے کہ پاکستان کے ساتھ مزید چھیڑ خانی نہ کی جائے کیونکہ اگر مودی سرکار نے مزید ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو عین ممکن ہے کہ اس مرتبہ پاک فوج بھارت کو وہ مزہ چکھائے کہ بھارت رہتی دنیا تک یاد رکھے۔ کچھ دیر قبل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے کہ انہیں پاکستانی کارروائی کی خبر ایک چٹ پر لکھ کر افسر نے بتائی جس پر بھارتی وزیر اعظم حواس باختہ ہو گئے اور تقریب ادھوری چھوڑ کر ہی چلتے بنے۔