بیجنگ (این این آئی) سہ ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں چین نے پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی ہے، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے، پاکستان اور بھارت کی جانب سے تحمل اور صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکنے کی یقین دہانیوں کا خیر مقدم کرتے ہیں،چین خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا،
امید ہے موجودہ صورتحال میں دونوں ممالک مذاکرات سے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں نے۔ تفصیلا ت کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے روس، چین اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی میزبانی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی ہے، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ملک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکنے کی یقین دہانیوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہیگا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے چین کے صوبہ زے جیانگ کے شہر وو جن میں بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وانگ ای نے کہا کہ پچھلے سال چینی صدر مملکت شی جن پنگ اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان چین کے شہر وو ہان میں کامیاب غیر رسمی ملاقات ہوئی جو چین بھارت تعلقات کے فروغ کے نئے دور میں داخل ہونے کی رہنمائی کر رہی ہے ۔ رواں سال فریقین کو دونوں ممالک کے رہنماؤں کے اتفاق رائے پر عمل درآمد کرنا چاہئے تاکہ چین بھارت تعلقات مستحکم طور پر آگے بڑھیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین کو جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ وانگ ای نیامید ظاہر کی کہ موجودہ صورت حال میں بھارت اور پاکستان صبروتحمل کا مظاہرہ کریں گے اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پر سشما سوراج نے کہا کہ فریقین کو سرحدی علاقے میں امن و امان کے قیام اور بھارت چین تعلقات کے مستحکم فروغ کیلئے مشترکہ کوشش کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ذمہ داری اور صبروتحمل کے ساتھ متعلقہ مسائل کے حل کے لئے کام کریگا ۔