ریاض(وائس آف ایشیا) سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو سفیر مقرر کردیا گیا۔ شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان کو امریکا میں پہلے سے تعینات سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کے چھوٹے بھائی شہزادہ خالد بن سلمان کی جگہ سعودی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز جاری ہونے والے شاہی فرمان کے مطابق شہزادی ریما بنت بندر امریکا میں بطور سفیر خدمات انجام دیں گی جب کہ شہزادہ خالد بن سلمان کو نائب وزیر دفاع کے عہدے پر فائز کردیا گیا ہے۔شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان پہلی خاتون ہیں جنہیں امریکا میں سعودی سفیر ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔اس وقت شہزادی ریما بنت بندر سعودیہ کی ماس پارٹیسپیشن فیڈریشن کی صدر اور ڈیولپمنٹ پلاننگ اسپورٹس اتھارٹی کی ڈپٹی کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔شہزادی ریما بنت بندر خواتین کے حقوق اور معاشرے میں درپیش مسائل کے لیے ہمیشہ آواز اٹھاتی ہیں اور ہر چیلنیج کو مثبت نظریے سے دیکھتی ہیں۔ وہ امریکی سیاست اور ماحول سے بھی خوب واقفیت رکھتی ہیں کیونکہ ان کے والد شہزادہ بندر بن سلطان بھی 1983 سے 2005 تک امریکا میں سعودی سفیر کی خدمات انجام دے چکے ہیں، اس دوران شہزادی ریما بھی اپنے والد کے ساتھ واشنگٹن میں مقیم تھیں۔