ٹوکیو(این این آئی)وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ چین کو عالمی امن اور ایک منصفانہ نظام کی خاطر اپنے لیے زیادہ ذمے داری قبول کرنا ہو گی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے یہ بات اپنے دو روزہ دورہ جاپان کے آخری دن ٹوکیو کی ایک مشہور یونیورسٹی کے طلبا وطالبات کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے
ہوئے کہی۔ میرکل نے یہ بات چینی ٹیلی کوم کمپنی ہواوے کے حوالے سے ایک اسکینڈل کے تناظر میں کہی۔ اس کمپنی کو امریکا میں اپنے خلاف کارروائی کا سامنا ہے۔ اس کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر اپنے صارفین کا ڈیٹا چینی حکومت کے حوالے کر دیا تھا۔ میرکل نے یہ بھی کہا کہ چینی حکومت کو حقوقِ دانش کے معاملے میں بھی ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔