مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو صہیونی فوج کی مہلک طاقت کی دھمکی دی ہے۔ حسن نصراللہ نے گذشتہ روز صہیونی ریاست کو شام میں فضائی حملوں پر خبردار کیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیتن یاہو نے میڈیاسے بات چیت
کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل کی دفاعی افواج کی مہلک قوت حزب اللہ کے مقابلے کے لیے تیار ہے۔نیتن یاہو نے کہا کہ حسن نصراللہ سرحدی علاقے میں اسرائیلی فوج کے حالیہ آپریشن کی وجہ سے گہری تشویش میں مبتلا ہیں۔اس میں لبنان سے اسرائیل کی جانب جانے والی سرنگوں کو سراغ لگا کر تباہ کیا گیا ہے۔اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ یہ سرنگیں اسرائیل پر حملوں کے لیے کھودی جا رہی تھیں۔