ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی ایجنسی برائے عسکری امور نے پاسپورٹس ڈیپارٹ منٹ میں پہلی بار خواتین کی سپاہی کے عہدوں پر تقرریوں کی منظوری دی ہے۔ ان خواتین کو ہوائی اڈوں اور بری راہ داریوں پر تعینات کیا جائے گا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق
محکمہ پاسپورٹ کی طرف سے ویب سائیٹ پر ایک اشتہار جاری کیا گیا جس میں خواتین امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ اشتہار میں خواتین امیدواروں کے لیے بھرتی کی شرائط بھی مقرر کی گئی ہیں۔ شرائط پوری نہ کرنے والی امیدواروں کی درخواستیں زیرغور نہیں لائی جائیں گی۔ایمی گریشن ڈیپارٹمنٹ میں خواتین سپاہیوں کے لیے پہلی شرط یہ ہے کہ وہ سعودی شہری ہوں اور ان کی پرورش مملکت کے اندر ہوئی ہو۔ تاہم ان کے والدین کی بیرون ملک خدمات پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔سیکیورٹی اداروں کیہاں ان کا ریکارڈ شفاف ہو اور ان پر کوئی شرعی یا کسی دوسری نوعیت کا جرائم کا کیس نہ بنا ہو۔ انہیں کسی تعلیمی ادارے سے کسی بھی وجہ سے بے دخل نہ کیا گیا ہو۔ امیدواروں کی عمر 25 سے 35 سال کے درمیان ہو۔ انہیں میڈیکل فٹنس کاسرٹیفکیٹ بھی دینا اور لینگویج کا امتحان بھی پاس کرنا ہوگا۔ قد کم سے کم 155 سینٹی میٹر اور کسی غیر سعودی باشندے سے شادی نہ کی ہو۔ تعلیمی قابلیت کم سے کم میٹرک ہو۔ غیرملکی زبان اور کمپیوٹر کے کورس کرنے والی امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔