قاہرہ(این این آئی)سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان عرب ممالک کے دورے کے تیسرے مرحلے پر مصر پہنچ گئے ۔ قاہرہ آمد پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ محمد بن سلمان قاہرہ میں دو روز تک قیام کریں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق گذشتہ روز قاہرہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صدر السیسی خود سعودی مہمان کے استقبال کیلیے موجود تھے۔ سعودی ولی عہد کا عرب ممالک کے طویل دورے
کا یہ تیسرا پڑاؤ ہے۔ مصری ایوان صدر کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنے دوسرے وطن مصر، پہنچ گئے ہیں۔ وہ یہاں پر دو روز تک قیام کریں گے۔گذشتہ روز انہوں نے صدر السیسی سے مختصر ملاقات کی ۔ صدر سیسی اور مصری قیادت سے ان کی تفصیلی ملاقاتیں ہوں گی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔